6

ق لیگ نے تحریک انصاف کیساتھ اتحاد نہ ہونے کا دو ٹوک اعلان کردیا

لاہور( سی پی پی ) ق لیگ نے تحریک انصاف کیساتھ اتحاد نہ ہونے کا دو ٹوک اعلان کردیا، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کا کہنا ہے کہ ہمارا اتحاد صرف اور صرف عمران خان کے ساتھ ہے، جس نے حکومت سے علیحدہ ہونا ہوا، صاف صاف الفاظ میں اعلان کر دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما طارق بشیر چیمہ نے نجیٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی جماعت نے تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد نہیں کیا ہے۔ طارق بشیر چیمہ کا کہنا ہے کہ وہ حکومت میں تو شامل ہیں لیکن ان کا تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد نہیں ہے۔ ان کی جماعت کا اتحاد صرف وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہے۔ طارق بشیر چیمہ کا کہنا ہے کہ اگر ان کی جماعت نے تحریک انصاف کی حکومت سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا تو اس بات کو چھپایا نہیں جائے گا۔ اگر حکومت سے الگ ہونے کی کوئی بات ہوئی تو پھر اس حوالے سے صاف صاف الفاظ میں اعلان کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ روز سے پاکستان تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے درمیان اختلافات کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ مسلم لیگ ق کے رہنماوں کی جانب سے نواز شریف کے حق میں دیے جانے والے بیانات کے بعد معاملات خراب ہوئے اور یہ خبریں سامنے آئیں کہ ق لیگ اب حکومت سے الگ ہونے کا سوچ رہی ہے۔ تاہم اس حوالے سے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کا کہنا ہے کہ اگر مسلم لیگ ق نے ایسا کوئی فیصلہ کیا تو اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں