پورا ہفتہ بطور یکجہتی کشمیر منایا جائے گا، حکومت نے 25 جنوری سے 5 فروری کا پلان جاری کردیا

اسلام آباد (سی پی پی) حکومت پاکستان نے کشمیر کے مسئلے کو اندرون اور بیرون ملک اجاگر کرنے کیلئے پورے ہفتے پر مشتمل مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 جنوری سے کشمیر کے حوالے سے پرنٹ ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر پوری مہم شروع کریں گے،جس کے ذریعے اندرون اور بیرون ملک اپنا مقدمہ عوام کے سامنے رکھیں گے۔ 27 جنوری کو اسلام آباد میں نیشنل کونسل آف آرٹس میں کشمیر کے حوالے سے ثقافتی شو ہوگا۔ 28 جنوری کو پورے پاکستان میں تصویری نمائشیں ہوں گی، جن میں کشمیری مظلومین اور ہیروز کی کہانیوں کو تصویری شکل پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 30 جنوری کو اسلام آباد میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کی زیر صدارت سیمینار منعقد کیا جائے گا، 31 جنوری کو کشمیر کمیٹی کے سربراہ دیگر ارکان کے ساتھ پریس کانفرنس کریں گے۔ 3 فروری کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں جامعات کے طلبہ اور سماجی کارکنوں کا پروگرام ہوگا اور انہیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا، اسی روز آزاد کشمیر کے رفیوجی کیمپوں میں راشن بھی تقسیم کیا جائے گا۔4 فروری کو ایوان صدر میں کشمیر ڈے کا ایونٹ منعقد کیا جائے گا جس میں پاکستان میں موجود تمام سفارتکاروں کو مدعو کیا جائے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں