سوشل میڈیا قوانین پر عملدرآمد سے قبل سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی ہدایت

اسلام آباد(سی پی پی) وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا مجوزہ قوانین پر عملدرآمد سے قبل سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت سوشل میڈیا کے مجوزہ قوانین پر نظر ثانی ہوا جس میں وزارت اطلاعات، داخلہ، قانون، آئی ٹی اور پی ٹی اے حکام شریک ہوئے۔اجلاس میں حال میں بنائے گئے سوشل میڈیا رولز پر ردعمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے مجوزہ قوانین پر عملدرآمد سے قبل تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں مجوزہ قوانین کے پیش نظر آزادی اظہار پر اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم عمران خان کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ قانون لانے کا بنیادی مقصد صرف اور صرف شہریوں کا تحفظ ہے۔ یہ قانون بچوں، اقلیتوں اور مذہبی معاملات سمیت قومی سلامتی کے تحفظ کے پیش نظر بنایا جا رہا ہے۔عمران خان نے کہا کہ سنگاپور اور برطانیہ سمیت بہت سے ممالک ایسے قوانین لا رہے ہیں۔ پاکستان بھی بدلتے حالات اور واقعات کے پیش نظر ایسے قوانین لا رہا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سٹیک ہولڈرز کی دی گئی تجاویز کو مجوزہ قانون میں شامل کیا جائے۔ اس قانون کا مقصد مثبت اظہار رائے یا سیاسی اختلاف کو دبانا نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں