بولی وڈ کے نامور اداکار عرفان خان کی اہلیہ کا اہم بیان جانئے؛

اسلام آباد (سی پی پی )بولی وڈ کے نامور اداکار عرفان خان کے اچانک انتقال کی خبر کے بعد دنیا بھر میں موجود ان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر اپنے دکھ کا اظہار کیا . صرف بولی وڈ ہی نہیں بلکہ ہولی وڈ اور پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی اس موقع پر اداکار کو خراج عقیدت پیش کیا .

تمام پیغامات میں ایک پیغام سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بن رہا ہے جو کسی اور کا نہیں بلکہ عرفان خان کی اہلیہ اور ان کے بیٹوں بابل اور ایان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا. عرفان خان کی فیملی نے یہ بیان ان کے ہی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کیا.

بیاں میں انہوں نے لکھا کہ ’میں کیسے فیملی کے حوالے سے اس بیان کو تحریر کروں جبکہ پوری دنیا عرفان کے انتقال کو ذاتی نقصان مان رہی ہے، میں کیسے خود کو اکیلا محسوس کرسکتی ہوں جب لاکھوں کی تعداد میں لوگ ہمارے ساتھ اس غم میں شریک ہیں‘. ان کا کہنا تھا کہ ’میں سب کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ یہ نقصان نہیں، فائدہ ہے، یہ فائدہ اس لیے ہے کہ عرفان نے ہمیں بہت کچھ سکھادیا اور اب آخر کار ہم اس پر عمل بھی کریں گے، میں کوشش کروں گی کہ وہ کام بھی کرسکوں جن کے بارے میں لوگ نہیں جانتے‘. انہوں نے کہا کہ ’ہمارے لیے بھی اس پر یقین کرنا مشکل ہے لیکن میں عرفان خان کے الفاظ میں اس کو جادوئی کہوں گی، چاہے وہ یہاں ہوں یا نا ہوں، عرفان خان ایسا ہی چاہتے تھے، انہیں کبھی ایک طرفہ حقیقت سے پیار نہیں تھا، مجھے عرفان سے صرف ایک اختلاف ہے کہ اس نے مجھے پوری زندگی کے لیے بگاڑ دیا تھا‘. ان کا کہنا تھا کہ ’وہ سب کچھ اس پرفیکشن سے کرتے کہ اب مجھے اس کے علاوہ کچھ اور پسند نہیں آتا، ہماری زندگی اداکاری کی ماسٹر کلاس تھی، میں نے ڈاکٹرز کی رپورٹس کو بھی اسکرپٹس کی طرح پڑھا تاکہ عرفان اس میں بھی پرفیکٹ پرفارمنس دیں‘. انہوں نے لکھا کہ اس سفر کے دوران ان کی ملاقات متعدد بہترین لوگوں سے ہوئی، جن میں ہسپتال کا عملہ شامل ہے جنہوں نے عرفان خان کا علاج کیا. عرفان خان کی بیوہ کے مطابق وہ اپنے اس سفر کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتیں، انہوں نے لکھا کہ عرفان خان سے ان کا رشتہ صرف شادی کا نہیں بلکہ اتحاد کا تھا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں