کورونا وائرس: خیبر پختونخوا کے 9 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاون نافذ

پشاور ( سی پی پی) خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے حالات مزید خراب ہوگئے، 3 دنوں کے دوران 9 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا، ایبٹ آباد، سوات، نوشہرہ، مردان، چترال اور ملاکنڈ دیگر علاقوں میں بھی لاک ڈاﺅن نافذ ہے، پشاور کے مختلف علاقوں میں احکامات پر مکمل عملدر آمد نہ ہوسکا۔خیبر پختونخوا میں کورونا کے کیسزکی بڑھتی ہوئی تعداد پیش نظر مختلف اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاﺅن کے نفاذ کا سلسلہ جاری ہے، متعلقہ علاقوں کو خار دار تاریں لگا کر تو سیل کر دیا گیا تاہم مکمل طور پر عملدر آمد نہ ہوسکا۔پشاور میں اشرفیہ کالونی، یونیورسٹی ٹاون میں چنا رروڈ، دانش آباد، حیات آباد کے دو فیز، آسیہ اور شنواری ٹاون میں سمارٹ لاک ڈاﺅن لگایا گیا ہے، متعلقہ علاقوں میں مین روڈ کو ہر قسم کی آمد ورفت کے لیے بند کیا گیا ہے لیکن عقبی راستوں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔سمارٹ لاک ڈاون کے حوالے سے جہاں شہریوں نے حکومتی اقدامات کو سراہا تو وہیں متعلقہ علاقوں کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاون کے دوران کاروباری مراکز کو کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے۔اپر چترال کی 3 وادیوں، ایبٹ آباد کے 6 علاقوں، نوشہرہ کے 15، مردان کے 5، خیبر کے 3، سوات میں 11 اور بٹگرام کے 7 علاقوں کو بھی سمارٹ لاک ڈاون کے تحت سیل کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں