کووڈ 19 کی تشخیص ، ویکسین،ایک سال کے دوران31.3 ارب ڈالر سے زیادہ کی ضرورت ہے ،عالمی ادارہ صحت

اسلام آباد (سی پی پی) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ کووڈ۔ 19 کی تشخیص ، ویکسین اور علاج کیلئے آئندہ ایک سال کے دوران31.3 ارب ڈالر سے زیادہ کی ضرورت ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پھیلاﺅ پر قابو پانے ، مریضوں کی تشخیص ، ویکسین اور علاج معالجہ کیلئے آئندہ ایک سال کے دوران 31.3 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔اس حوالہ سے اب تک 3.4 ارب ڈالر کی فراہمی کے وعدے کئے گئے ہیں۔ آئندہ باہ مہینوں کے دوران مزید 27.9 ارب ڈالر کی ضرورت ہے جس سے 14 ارب ڈالر فوری نوعیت کے اقدامات کیلئے درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم فنڈز کا مناسب وقت پر انتظام نہ کر سکے تو کووڈ 19 کے انسانی اور معاشی نقصانات میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس حوالے سے جلد از جلد اقدامات کرنے چاہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کم آمدنی والے ممالک میں آئندہ سال کے وسط تک 500 ملین ٹیسٹس اور 245 ملین سے زیادہ افراد کے علاج معالجے کیلئے فنڈز کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی آبادی کا تقریباً 90 فیصد حصہ وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے عالمی برادری اور مخیر اداروں پر زور دیا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے مطلوبہ فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں