تمباکو چبانے والے ممالک میں پاکستان کا دوسرا نمبر

نیویارک: پوری دنیا میں بنا دھوئیں یا چبانے والے تمباکو سے اموات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور سالانہ ساڑھے تین لاکھ افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں۔ ان میں سرِ فہرست ممالک بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش ہیں۔ پوری دنیا میں سالانہ جتنا تمباکو کھایا جاتا ہے اس کی 25 فیصد مقدارجنوبی ایشیا کے تین ممالک میں کھائی جاتی ہے جس میں بھارت کا حصہ 70 فیصد، پاکستان کا 7 فیصد اور بنگلہ دیش 5 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ حال ہی میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سات برس میں عالمی سطح پر تمباکو سے اموات میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یورک یونیورسٹی کے ماہرین نے یہ تحقیق کورونا وبا کے تناظر میں کی تھی جس میں لوگوں کے تھوکنے کی عادات کا جائزہ لیا گیا تھا۔برصغیر پاک وہند میں تمباکو کھاکر جگہ جگہ تھوکنے کا عام رحجان ہے جو موجودہ کورونا وبا میں مزید خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر کورونا کا مریض تمباکو چبا کر تھوکتا رہے تو اس سے مرض پھیلنے کا خدشہ دوچند ہوجاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں